اوبنٹو 8.04 جائزہ
اوبنٹو کا نیا ورژن “8.04 ہارڈی ہیرون” منظر عام پر آیا، shipit کے ذریعے سی ڈی منگوانے کا “حکم” بھی کر دیا، لیکن اب ہم میں اور اوبنٹو کے نئے ورژن میں واحد رکاوٹ وہ طویل انتظار تھا جو سی ڈی کی وصولیابی تک کرنا پڑتا۔
انتظار کے ان لمحات کو گزارنا مشکل تر تھا لیکن ساتھی بلاگر نعمان یعقوب نے اپنے بلاگ پر پوسٹ پر کیے گئے تبصروں کے دوران کراچی کے بلاگر ساتھیوں کے لیے اوبنٹو کی مفت سی ڈی کی فراخدلانہ پیشکش کی اور یوں محض چند روز میں نعمان یعقوب سے ایک یادگار ملاقات کے ساتھ اوبنٹو کا نیا نسخہ ہمارے ہاتھوں میں تھا۔
اوبنٹو ہر 6 ماہ بعد نیا نسخہ (ورژن) جاری کرتا ہے اور ہر 18 ماہ بعد طویل المدتی معاونت کا حامل نسخہ (ایل ٹی ایس) جاری کیا جاتا ہے۔ اس طرح 8.04 ہارڈی ہیرون اوبنٹو کا دوسرا ایل ٹی ایس ورژن ہے جس کی معاونت کی مدت تین سال ہے یعنی اگلے تین سال تک اس کے لیے security اور maintenance کے اپ ڈیٹس جاری کیے جائیں گے۔ البتہ سرور ورژن کے لیے یہی مدت 5 سال ہے۔
مجھے یہ نسخہ اپنے گھر کے کمپیوٹر پر نصب کرنا تھا جس کے لیے ایسے وقت کا انتظار کرنا تھا جس میں یقین ہو کہ بجلی نہیں جائے گی اس لیے رات ایک بجے کا انتخاب کیا اور رت جگے کے ذریعے اوبنٹو کی تنصیب اور بعد ازاں اس کی خوبیوں کی تلاش کا منصوبہ بنایا۔
آغاز ہی سے اندازہ ہوا کہ اس ورژن میں کچھ واضح تبدیلیاں کی گئی ہیں جو مجھ جیسے نو آموز لینکس صارفین کو بھی محسوس ہوئیں۔ اِس مرتبہ Live اور Install کے آپشنز الگ الگ کر دیے ہیں پہلے صارف کو لازماً Live CD چلانا پڑتی تھی جس کے بعد تنصیب کا عمل شروع کیا جاتا تھا لیکن اب اسے ابتداء میں ہی تنصیب یا براہ راست چلانے میں سے کسی ایک کے انتخاب کی سہولت دی گئی۔ اس آپشن کی بدولت صارف خواہ مخواہ Live CD چلانے کے زحمت سے چھٹکارہ پاتا ہے اور براہ راست تنصیب کا آغاز کرنے پر بہت قیمتی وقت بھی بچتا ہے۔ جس کا اندازہ تنصیب کے بعد ہو گیا کہ یہ ورژن گزشتہ تمام ورژنز سے کہیں زیادہ جلد کمپیوٹر پر نصب ہوا۔
تنصیب کے تمام مراحل بخوبی انجام پائے اور لاگ ان ہونے کے بعد ڈیسک ٹاپ پر نئے وال پیپر نے استقبال کیا۔
اب ہارڈی ہیرون کی چند خوبیاں، یہ نیا ورژن جدید گنوم 2.22 کا حامل ہے جو مشہور اوپن سورس ڈیسک ٹاپ انوائرمنٹ ہے۔ گنوم کا یہ نیا ورژن کئی نئی خوبیوں اور بنیادی ڈھانچوں میں کئی بہتریوں کا حامل ہے۔
اس نئے نسخے میں شامل نئی خاصیتوں میں میرے خیال میں سب سے زیادہ شاندار اِس کی Windows آپریٹنگ سسٹم کے اندر تنصیب کی خوبی ہے جسے ووبی (Wubi) کا نام دیا گیا ہے (تاہم میں اسے تاحال آزما نہیں سکا)۔ ووبی ونڈوز-بیسڈ انسٹالر ہے جو ایک ہی پارٹیشن میں ونڈوز کے ساتھ اوبنٹو کو بھی نصب کر دیتا ہے بالکل ایک سافٹ ویئر کی طرح اور اسے Add/Remove Program سے بالکل اسی طرح حذف بھی کیا جا سکتا ہے جیسے عام سافٹ ویئرز کو کیا جاتا ہے۔
ہارڈی ہیرون میں کئی نئے سافٹ ویئرز بھی شامل کیے گئے ہیں جیسے نیا بٹ ٹورینٹ کلائنٹ Transmission، ویب کیم ایپلی کیشن Cheese اور سی ڈی برننگ کا نیا پروگرام Brasero وغیرہ۔ البتہ میری توقعات کے برعکس Inkscape موجود نہیں، جس کی اطلاع بیٹا ورژن استعمال کرنے والے نعمان یعقوب نے پہلے ہی دے دی تھی۔ البتہ GIMP بدستور موجود ہے۔
اوبنٹو کے دیگر مختلف ذائقے بھی نئے ورژن میں دستیاب ہیں جن میں کبنٹو، زبنٹو، اوبنٹو اسٹوڈیو، ایجوکیشن اوبنٹو اور متھ بنٹو شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 8.04 کا سرور ایڈیشن بھی دستیاب ہے۔
اوبنٹو کا اگلا ورژن چھ ماہ بعد اکتوبر 2008ء میں جاری ہوگا جسے Intrepid Ibex کا نام دیا گیا ہے۔
یہ تبصرہ نعمان صاحب کا مجھ پر ادھار تھا کیونکہ انہوں نے سی ڈی کی قیمت یہی طلب کی تھی
لیکن ان سے معذرت بھی کہ اس کو شائع کرنے میں کافی دیر ہوگئی۔
May 15, 2008 10:53 am | لینکس نامہ
محمد شاکر عزیز بتاریخ 15 May 2008 بوقت 12:21 pm #
اچھا تجربہ رہا اور تبصرہ بھی۔
ایک بات اور پتا چلی کی فیڈورا کی لائیو سی ڈی سے بنیادی سسٹم انسٹال بھی ہوجاتا ہے اگرچہ بہت سے سافٹویر بعد میں انٹرنیٹ سے اتارنے پڑتے ہیں۔ فی الحال تو ہر طرف بندش ہے۔ اردو کوڈر کی ہوسٹنگ ایک بار پھر قیں ہوچکی ہے۔ س
سستے کے چکر میں اچھے خاصے خوار ہورہے ہیں۔
بہت سا کام کرنا ہے اور وقت ملتا نہیں۔
ٹرانسمشن بہت سادہ سا پروگرام ہے اور کافی پسند آیا تھا مجھے۔ انک سکیپ کیا ریپازٹری میں موجود نہیں؟
ووبی پچھلے ڈیڑھ سال سے زیر تعمیر تھا اس کو فعال انھوں نے اب کیا ہے۔
ہمارا تجربہ خاصا برا رہا ہے۔ پرانا این ویڈیا کا کارڈ ہے میرے پاس 32 میگا بائٹ کا جس پر پہلے تو ٹھیک چلتا رہا ہے اس بار ریزولوشن ہی 800 ضرب 600 آئی۔ اس سے زیادہ کرنے کا آپشن ہی نہیں تھا۔ پچھلے دو ورژنز میں ریزولوشن جتنی چاہیں بڑھائی جاسکتی تھی کوئی حد نہیں تھی۔ کبنٹو اور اوبنٹو کی سی ڈیز کل ہی پہنچی ہیں میرے پاس۔ اب فیڈورا 9 ایک ٹرائی دوں گا۔ راشد کامران سے ڈی وی ڈی کی درخواست کی ہے چونکہ وہ آپ کے ہی بلاگ پر آفر کرکے اب پھنس چکے ہیں۔
وسلام
محمد شاکر عزیز کے بلاگ سے آخری تحریر ہے ..1
ابوشامل بتاریخ 15 May 2008 بوقت 1:44 pm #
تبصرے کا شکریہ شاکربھائی! انک اسکیپ ریپازیٹری میں تو موجود ہے لیکن میں باوجود صدہا کوششوں کے ابھی تک اپنا وی وائر لیس لینکس پر چلانے میں ناکام رہا ہوں۔ اب علاقے میں کیبل نیٹ کی فراہمی ہوا ہی چاہتی ہے کوشش ہے کہ وہ لگوالوں اگر لینکس پر کنیکشن دے سکا تو ضرور لگواؤں گا بصورت دیگر نہیں۔ فیڈورا پر وی وائر لیس چلانے کی ایک 95 فیصد کامیاب کوشش کی تھی، نیٹ کنیکٹ بھی ہو گیا تھا لیکن براؤز نہیں کر رہا تھا۔ خیر ابھی تک آف لائن صارف ہی ہوں۔
ووبی کے بارے میں معلومات دینے کا شکریہ، بہت تعریف سنی ہے۔ اس ہفتے نیا کمپیوٹر خریدا ہے، اور اب اختتام ہفتہ پر اس میں ووبی کے ذریعے اوبنٹو نصب کر کے دیکھوں گا۔
میرے پاس ابھی تک اوبنٹو کی سی ڈیاں نہیں پہنچی۔ فیڈورا 9 ضرور آزمائیں، 8 تو مجھے بہت پسند آیا تھا۔
فورم کا افسوس ہے کہ سیٹ نہیں ہو کر دے رہا، صحیح کہا کسی نے “مہنگا روئے ایک بار سستا روئے بار بار”
ابوشامل کے بلاگ سے آخری تحریر ہے ..1
راشد کامران بتاریخ 15 May 2008 بوقت 10:06 pm #
اوبنٹو ہارڈی بلاشبہ لینکس کی دستیاب دسٹروز میں عام لوگوں کے لیے انتہائی سہل ڈسٹرو ہے۔ انسٹالیشن سے لے کر ایپلیکشنز تک جیسے کے آپ نے اپنے بلاگ میں بتایا کے ایک بہترین تجربہ رہتا ہے اور صاف بات یہ کے میرے پاس ونڈوز وسٹا الٹیمیٹ بھی انسٹال ہے لیکن اس کے بوٹ ہونے کی باری کم کم ہی آتی ہے
پس موضوع : شاکر صاحب میرے پاس تقریبا تمام ڈی وی ڈیز موجود ہیں جیسے ہی آپ کا ایڈریس مجھے ملتا ہے میں آپ کو روانہ کردوںگا ۔۔ اس دوران اگر آپ کو کوئی اور ڈسٹرو چاہیے تو ضرور آگاہ کریں - لوکل مرر سے ڈاؤن لوڈ دس پندرہ منٹ سے زیادہ کا کام نہیںہے ۔۔
ساجداقبال بتاریخ 16 May 2008 بوقت 9:54 am #
مجھے تو لائیو سی ڈی بہت پسند ہے۔ انسٹالیشن بھی چلتی ہے اور میں مزے سے انٹرنیٹ اور دوسرے سافٹ وئیرز استعمال کرتا ہے۔ بلکہ پارٹیشن کے مرحلے میں یہ مزید کام کا بن جاتا ہے کیونکہ مجھے ہمیشہ لینکس کیلیے پارٹیشن بنانے کی ترکیب بھولی ہوئی ہوتی ہے، جیسے ہی یہ موقع آتا ہے جھٹ سے گوگل کرتا ہوں اور چراغ کا جن حاضر۔
شاکر، کل میں گیا تھا اردوکوڈر پر لیکن افسوس ہوا کہ وہ دوبارہ سے غائب ہے۔ ڈی وی ڈی کی آفر آپکو راشد بھائی نے کر دی۔ ہوسٹنگ کی میں کر دیتا ہوں۔ بیکار پڑی ہوئی ہے، سالوں سے۔ امید ہے آپ مثبت جواب دینگے۔
ساجداقبال کے بلاگ سے آخری تحریر ہے ..ورڈپریس ہیلپ شیٹ
ابوشامل بتاریخ 16 May 2008 بوقت 11:02 am #
بے شک راشد صاحب! اگر آپ کو انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب ہو تو لینکس میں اوبنٹو سے آسان کوئی ڈسٹرو نہیں۔ البتہ میرے خیال میں منہ کا ذائقہ بدلنے کو ادھر ادھر منہ مار لینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔
اور دریا دلی کی بھی۔
شاکر صاحب! مزے ہو گئے آپ کے، جلدی سے پتہ بھیج دیں۔
ساجد بھائی! آپ کی یادداشت کی تو داد دینا پڑے گی
ابوشامل کے بلاگ سے آخری تحریر ہے ..1